پاکستان قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتا ہے، ترجمان دفترخارجہ

Jul 21, 2023 | 15:24 PM

ایک نیوز: ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سویڈن میں ہونے والے قرآن پاک کی بےحرمتی کے متعدد واقعات کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ سویڈش حکومت سے ایسے واقعات روکنے کیلئے اقدامات پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا ہے کہ یوکرین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا۔ یہ کسی بھی یوکرینی وزیر خارجہ کا پہلا پاکستان کا دورہ تھا۔ اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر بات ہوئی۔ 

ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بحر اسود کے تنازع کے پر امن حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یوکرین، روس تنازع کو بات چیت کے زریعہ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آزربائیجان کے وزیر ٹرانسپورٹ و ڈیجیٹل ڈیویلپمنٹ نے بھی پاکستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے متعدد پاکستانی حکام سے تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے آسیان کے وزراتی اجلاس میں شرکت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیکرٹری خارجہ نے سائیڈ لائنز پر متعدد حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اسی طرح پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی نے افغانستان کا دورہ کیا۔ یہ بطور خصوصی ایلچی ان کا پہلا دورہ تھا۔ متعدد افغان عبوری حکام سے ان کا تبادلہ خیال ہوا۔ 

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر کی معاون خصوصی ایک اعلی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سویڈن میں اسلاموفوبیا اور توہین قرآن پاک کے بار بار ہونے والے واقعات کی ہر زور مذمت کرتا ہے۔ ہم نے سویڈش حکام سے ایسے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔ یونان کشتی حادثہ کی لاشوں کو لے کر دو پروازیں لاہور اور اسلام آباد پہنچی ہیں۔

مزیدخبریں