ایک نیوز: پنجاب بھر کے بڑے بڑے مزارات اور درباروں پر آن لائن صدقات اور عطیات کی سہولت فراہم کرنے کیلئے نذرانہ آن لائن ویب سائٹ کی اصولی منظوری دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دربار حضرت داتا گنج بخش ؒ، حضرت بابا بلھے شاہؒ، حضرت بابا فرید گنج شکرؒ اور دیگر مزارات کے لئے الگ الگ ویب سائٹ بنائی جائیں گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزارات کیلئے ویب سائٹ بنانے کی منظوری دے دی۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ویب سائٹ ڈویلپ کرنے کا ٹاسک سونپ دیاگیا۔ ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن صدقات اور عطیات دیے جا سکیں گے۔ بیرون ملک مقیم افراد لنگر بھی تقسیم کرا سکیں گے،لنگر کی تقسیم کو براہ راست دیکھا جاسکے گا۔
عطیات موبائل بینکنگ،کریڈٹ کارڈ اور اے ٹی ایم کے ذریعے ٹرانسفر کیے جا سکیں گے۔ حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے مزار کو ری ڈیزائن کیا جائے گا، بابا فرید گنج شکرؒ کے مزار کے کمپلیکس کو مزید وسیع کیاجائے گا۔
ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے بیسمنٹ میں پارکنگ اور لنگر خانے کا اہتمام کیاجائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حضرت پیر مکیؒ اور وارث شاہ کے مزارات پرکام کو تیز کرنے کی ہدایت کردی۔