سویڈن، قرآن پاک کی بےحرمتی، وزیراعظم کی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت

Jul 21, 2023 | 10:35 AM

ایک نیوز: وزیراعظم شہبازشریف نے سویڈن میں قرآن کریم کی بےحرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ 

اپنے ایک بیان میں انہوں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوآئی سی کے پلیٹ فارم سے اس شیطانیت کے تدارک کی مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔ اوآئی سی کو امت مسلمہ کے احساسات کی ترجمانی اور اس شیطانیت کو رکوانے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ تورات، انجیل اور قرآن کریم کی بےحرمتی کی اجازت دینے کے فیصلے کو تبدیل کرنے کی مہم چلائیں گے۔ مقدس کتابوں، ہستیوں اور شعائر کی بےحرمتی اظہار کی نہیں دنیا کو مستقل آزاردینے کی آزادی ہے۔ واقعات کا تسلسل اور ترتیب ثبوت ہے کہ یہ اظہار کا نہیں بلکہ سیاسی اور شیطانی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ 

انہوں نے زور دیا کہ پورے عالم اسلام اور مسیحی دنیا کو مل کر اس سازش کو روکنا ہوگا۔ شیطان کے پیروکاراُس کتاب کی بےحرمتی کررہے ہیں جس نے انسانوں کو عزت دی، حقوق اور راہنمائی کی۔ تورات اور انجیل کی بے حرمتی کی اجازت دینے کے فیصلے سے بے حرمتی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ یہ نفرت کا فروغ ہے جس کی عالمی قانون اجازت نہیں دیتا۔ مذہبی جذبات بھڑکانے، اشتعال انگیزی، دہشت گردی اور تشدد پر اکسانے کے یہ رویے دنیا کے امن کے لئے مہلک ہیں۔ یہ رویے قانونی اور اخلاقی دونوں لحاظ سے ہی شدید قابل نفرت اور قابل مذمت ہیں۔

مزیدخبریں