سویڈن میں قران پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کی شدید مذمت

سویڈن میں قران پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کی شدید مذمت
کیپشن: سویڈن میں قران پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کی شدید مذمت

ایک نیوز :پاکستان نے سویڈن میں ہونے والے قران پاک کی بے حرمتی کے تازہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
گزشتہ ماہ 29 جون کو عید الاضحیٰ کے روز سویڈن میں مسجد کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون سلوان مومیکا نے آج ایک بار پھر پولیس کی سخت سکیورٹی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی۔

سویڈن حکومت کی جانب سے ملعون سلوان مومیکا کو قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دینے پر عراق میں شدید عوامی ردعمل سامنے آیا اور مشتعل افراد نے عراق میں سویڈش سفارت خانے پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی اور سفارت خانے کی عمارت کو آگ لگا دی۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائےکی آڑ میں مذہبی منافرت پر مبنی کارروائیاں ناجائز ہیں، عالمی قانون مذہب، عقیدے کی بنیاد پر امتیازی سلوک اور تشدد کو ممنوع قرار دیتا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ اسلاموفوبیا واقعات نے 2 ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، عالمی برادری اسلامو فوبیا کارروائیوں کی مذمت کرے۔پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ تمام ممالک مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو الگ تھلگ کرنے کا آغاز کریں، توقع ہے سویڈش حکام اشتعال انگیزی کی کارروائیوں کو روکنے کے اقدامات کریں گے۔