صحافی وزیراعلی کا صحافی دوست قدم، رہائشی سکیم میں نیوزروم کیلئے 15 فیصد کوٹہ مختص 

صحافی وزیراعلی کا صحافی دوست اقدام، رہائشی سکیم میں نیوزروم کیلئے 15 فیصد کوٹہ مختص 
کیپشن: Journalist Chief Minister's journalist-friendly initiative, 15% quota allocated for newsroom in residential scheme

ایک نیوز: صحافی وزیراعلیٰ نے ایک اور صحافی دوست  قدم اٹھا لیا۔ جس میں رہائشی اسکیم میں 15 فیصد کوٹہ نیوز روم سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کیلئے رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے ملاقات کی تھی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے نیوز روم سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا رہائشی سکیم میں کوٹہ رکھنے کی درخواست کی تھی۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ نیوز روم سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو بھی پلاٹس ملیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی محسن نقوی نے رہائشی سکیم میں نیوز روم کے لئے 15 فیصد کوٹہ رکھنے کا اعلان کردیا۔ صحافی وزیراعلی نے پنجاب کے صحافیوں سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا۔ پروفیشنل صحافیوں کو رہائشی پلاٹس دینے کااعلان کردیا۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بارصحافی برادری کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے رہائشی پلاٹس دیئے جائیں گے۔ پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے رپورٹرز، فوٹو گرافرز اور کیمرہ مین کو مجموعی طور پر 3300 پلاٹس دئیے جائیں گے۔ رپورٹرز کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 7 مرلے کا پلاٹ دیا جائے گا۔ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیمرہ مین اور فوٹو گرافرز کو3 مرلے کاپلاٹ دیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ پلاٹ کے حصول کیلئے اہلیت کا اشتہار کل 22جنوری کو اخبارات میں دیاجائے گا۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی صحافی برادری کو پلاٹ کے حصول کیلئے طریقہ کار سے آگاہ کرے گی۔ حکومت کا تقریبا سال ہوچکا ہے، جس شہر کا دورہ کرتا صحافی بھائیوں کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ ہمارے لئے کچھ کریں،آج پورا کر دیا ہے۔ ادراک ہے کہ صحافیوں کی اکثریت سفید پوش ہے، مشکل سے گزارا کرتے ہیں،صحافیوں کی رہائش ایک بڑا مسئلہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے صحافیوں کے لئے رہائش ایک بنیادی ضرورت ہے۔ مشاورت کے بعد صحافیوں کی رہائش کے منصوبے کو حتمی شکل دی ہے۔ کوشش تھی کہ اچھی جگہ ہواور لانگ ٹرم پلاننگ ہو۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے رپورٹرز، فوٹو گرافرز اور کیمرہ مین کے لئے رہائشی سکیم لانچ کی ہے۔ صحافی برادری کی رہائش کے مسائل کے حل کیلئے روڈا کے اچھے فیز میں 200ایکڑ زمین مختص کی ہے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے رپورٹرز،فوٹو گرافرز اور کیمرہ مین کیلئے 3300  پلاٹس کا انتظام کیا ہے۔ رپورٹرز کیلئے7مرلے کے 2300پلاٹس رکھے گئے ہیں جہاں وہ درخواست دے سکیں گے۔ فوٹو گرافرز اور کیمرہ مین کے لئے3مرلے کے 1000پلاٹس رکھے گئے ہیں جہاں وہ درخواست دے سکیں گے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ صحافیوں کیلئے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بہت اچھی جگہ مختص کی ہے۔ پلاٹ کے حصول کیلئے اہلیت کا معیار سہل ہے،زیادہ تر صحافی بھائی قرعہ اندازی کیلئے کوالیفائی کر جائیں گے۔ پلاٹ کے اہلیت کا معیار جلد اشتہارات کے ذریعے بتا دیا جائے گا،صحافی بھائی28جنوری تک اپلائی کر سکیں گے،8فروری سے قبل قرعہ اندازی ہوگی۔ پلاٹ کے حصول کیلئے درخواستیں کل سے وصول کی جائیں گی۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی صحافی برادری کو پلاٹس کے حصول کیلئے مکمل بریفنگ دے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مقصد صرف یہی ہے کہ صحافی جس بھی گروپ یا اخبار سے ہو، اسے میرٹ پر قواعد وضوابط کے مطابق پلاٹ حاصل کرے گا۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوالیفائی کرنے والے صحافیوں کو آگاہ کرے گی اور پورا پلان دے گی۔ کوشش ہے کہ 8فروری سے پہلے قرعہ اندازی کرکے جائیں تاکہ پلاٹ کے حصول کا پراسیس مکمل ہو۔ رہائش گاہ کا انتظام صحافیوں کے لئے انتہائی اہم ہے۔ کوشش تھی کہ 10مرلے کا پلاٹ دیں لیکن صحافیوں کی تعداد کافی زیادہ ہے،اس سکیم سے کم ازکم ہر صحافی اپنا گھر تو بنا سکے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ بنک آف پنجاب صحافی برادری کو گھر بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرض فراہم کرے۔ صحافیوں کیلئے سکیم تیار ہے،پلاٹس بھی تیار ہیں،8فروری سے پہلے قرعہ اندازی ہو جائے گی۔ لاہورسمیت پنجاب بھر کے صحافیوں کو میرٹ پر قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹس ملیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ہمیشہ رپورٹرز،فوٹو گرافرز اور کیمرہ مین پلاٹس سے محروم رہ جاتے تھے،اگر گنجائش بنی تو فیز ٹو بھی شروع کریں گے۔ کوشش یہی ہے کہ سینئرز کو پہلے مل جائے، لیکن میرا خیال ہے کہ زیادہ تر صحافی ایڈجسٹ ہوجائیں گے۔ میرے لئے صرف لاہور پریس کلب کے نہیں بلکہ پنجاب کے تمام صحافی اہم اور برابر ہیں۔ میں اس عہدے پر جب نہ ہوا تب بھی صحافی برادری کے حقو ق کیلئے لڑوں گا۔

صحافی برادری نے وزیراعلی محسن نقوی کا بھرپور انداز میں شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزراء عامرمیر،اظفر علی ناصر،سیکرٹریز ہاؤسنگ،اطلاعات،سی ای او روڈا،ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔