شیخ راشد شفیق نےشیخ رشید کو ملک کا ’’ سرسید ثانی ‘‘ قرار دے دیا

Jan 21, 2024 | 11:50 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: پی ٹی آئی کے سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے اپنے چچا اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کو پاکستان کا ’’ سرسید ثانی‘‘ قرار دے دیا۔

اتوار کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے کہا کہ تعلیم کا جال بچھانے والا شیخ رشید جیل میں ہے اور وہ تعلیمی اداروں کو بنانے کی وجہ سے ہی قید میں ہے۔

شیخ راشد شفیق کا کہنا تھا کہ شیخ رشید اپنا آخری الیکشن لڑنے جا رہا ہے، شہر کی بیٹیاں 8 فروری کو باہر نکلیں اور ان کی حمایت کریں۔

سابق ممبر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کا راستہ اسی طرح روکا جا سکتا ہے، 8 فروری کو پی ڈی ایم سے بدلہ لیں۔

شیخ راشد کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید اس ملک کا "سرسید ثانی" ہے، قلم دوات آپ سب کو معلوم ہے کس کا نشان ہے۔

خیال رہے کہ سر سید احمد خان انیسویں صدی کے ایک عظیم فلسفی تھے اور ان کو برصغیر میں مسلم قوم پرستی کا سرخیل مانا جاتا ہے۔

 واضح رہے کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 سے انتخابات 2024 میں حصہ لے رہے ہیں اور نو مئی فسادات کے ایک مقدمہ میں گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل میں قید ہیں جس کے باعث ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق ان کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

مزیدخبریں