رام مندر کی افتتاحی تقریب کا جنون عام تعطیل تک پہنچ گیا

Jan 21, 2024 | 09:41 AM

ویب ڈیسک: ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر تعمیر کیے گئے رام جنم بھومی مندر کے افتتاح کے حوالے سے پائے جانے والے جوش و خروش نے اب جنونی کیفیت اختیار کرلی ہے۔

بھارت بھر میں اس ایونٹ کو ہندو ازم سے وابستگی کا سب سے بڑا اظہار سمجھا جارہا ہے۔ مودی سرکار نے اسے قومی سطح کا ایونٹ قرار دینے کے ساتھ ساتھ عام تعطیل کا ایک موقع بھی بنادیا ہے۔

ریلائنس انڈسٹریز اور دوسرے بہت سے صنعتی اور تجارتی اداروں نے مودی سرکار کی خوشنودی کی خاطر اس ایونٹ سے اپنے آپ کو بھی جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ ریلائنس اور چند دوسرے بڑے صنعتی، تجارتی اور مالیاتی گروپوں نے بھی رام مندر کی افتتاحی تقریب کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

اب ریزرو بینک آف انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ کل (پیر 22 جنوری کو) ایودھیا میں رام جنم بھومی مندر کے افتتاح کے موقع پر ملک بھر میں منی مارکیٹ بند رہے گی۔

رام مندر کے افتتاح کی تقریب کو اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں نے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کا ووٹ بینک مضبوط کرنے کا ذریعہ بتایا ہے۔ کانگریس اور دوسری بڑی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مودی سرکار مذہب کو سیاسی فوائد بٹورنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

مزیدخبریں