ایک نیوز :نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے چارج سنبھالتے ہی اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ خیبر پختونخوا کے بقایاجات کا مسئلہ بھی اٹھائیں گے ، این ایف سی، این ایچ پی اور ضم اضلاع کے فنڈز کا معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے۔
تفصیلات کےمطابق نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نےاپنا منصب سنبھال لیا۔ وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات اولین ترجیح ہے، انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی، صوبے میں امن و امان کا مسئلہ ہے، کوشش کریں گے کہ امن کو قائم رکھیں۔ کوشش کریں گے کہ بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ دیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ کے پی کے لیے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا۔گورنر کے پی غلام علی نے آج اعظم خان کی بطور نگران وزیراعلیٰ کے پی تعیناتی کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے۔