ایک نیوز: فیصل آباد میں کنجوانی کےعلاقےگڑھ فتح شاہ میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق اوکاڑہ کی رہائشی لڑکی نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور گھر والوں کی مرضی کے بغیر شادی کرنے والا جوڑا دوست کے پاس عارضی مقیم تھا۔
پولیس نے بتایا کہ لڑکی نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان نے مبینہ زیادتی کےبعد نقدی، موبائل فون اور طلائی زیورات بھی چھین لیے۔
پولیس کے مطابق لڑکی سے زیادتی کا واقعہ 13 جنوری کو پیش آیا جس کے بعد 2 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔
واضح رہے کہ 10 جنوری کو فیصل آباد میں ڈکیتی کی واردات کے دوران دو خواتین سے مبینہ زیادتی کا انکشاف ہوا تھا، پولیس نے پہلے ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا اور پھر زیادتی کی دفعہ شامل کرکے خواتین کا میڈیکل کروا کر تفتیش کیلئے اعلی سطحی ٹیم تشکیل دے دی تھی۔
پولیس کے مطابق ڈکیتی کے دوران خواتین سے مبینہ زیادتی کا واقعہ نواحی گاؤں 242 رب میں پیش آیا تھا۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ روشن والا میں6 نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان نے 12 روز قبل زمیندار کے ڈیرے پر رہائش پذیر مزارع کی فیملی سے ڈکیتی کی واردات کی اور رقم چھیننے کے علاوہ اس دوران ملزمان نے دو خواتین کو بھی مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔