دوران پرواز خاتون پر پیشاب کرنے کا معاملہ، ایئرانڈیا پر 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد

دوران پرواز خاتون پر پیشاب کرنے کا معاملہ، ایئرانڈیا پر 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد
کیپشن: The case of urinating on a woman during a flight, fined Rs 30 lakh on Air India(file photo)

ایک نیوز: طیارہ میں معمر خاتون پر پیشاب کرنے کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ بھارت کے محکمہ سول ایوی ایشن نے ایئرانڈیا پر 30 لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا جبکہ چیف پائلٹ کا لائسنس تین ماہ کے لئے معطل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایئر انڈیا کے طیارہ میں نشے میں دھت ایک مسافر کا خاتون پر پیشاب کیے جانے کا معاملہ طول پکڑتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ اس معاملے میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے ایئر انڈیا کی ’ڈائریکٹر ان فلائٹ‘ سروسز پر بھی 3 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملزم شنکر مشرا پر الزام ہے کہ نیویارک سے نئی دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی فلائٹ میں سفر کے دوران نشے میں اس نے ایک بزرگ خاتون کے اوپر پیشاب کر دیا تھا۔ خاتون نے اس کی شکایت فلائنگ اسٹاف سے بھی کی تھی۔ اس کے باوجود ملزم کو بہ آسانی جانے دیا گیا تھا۔ خاتون نے ایئر انڈیا کی ملکیت والی کمپنی ٹاٹا سنس کے چیئرمین این چندرشیکھرن سے اس کی شکایت کی تھی۔

 بعد میں شکایت پر دہلی پولیس نے ملزم کو بنگلورو سے گرفتار کر لیا تھا۔ اس معاملے پر ہنگامہ برپا ہونے کے بعد ایئر انڈیا نے ایک جانچ کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے شنکر مشرا کے اوپر چار ماہ کے لیے ایئرلائنز میں پرواز بھرنے پر پابندی لگا دی تھی۔ 

اس درمیان ملزم کے وکیل کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا فیصلہ غلط ہے۔ وکیل نے کہا کہ جانچ کمیٹی نے غلطی سے مان لیا کہ بزنس کلاس میں سیٹ 9بی تھی، جبکہ کرافٹ کے بزنس کلاس میں 9بی سیٹ ہے ہی نہیں۔ وہاں صرف 9اے اور 9سی سیٹ ہے۔