ایک نیوز : جارجیا میں ایک سابق فوجی نے اندھا دھند فائرنگ کرکے پولیس افسر سمیت 5 افراد کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق جارجیا کے وزیر داخلہ وختانگ گومیلوری نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ملکی دارالحکومت تبلسی سے تقریباً 50 کلومیٹر دور ساگاریجو قصبے میں گزشتہ رات کو پیش آیا۔ اس قصبے کی آبادی تقریباً 10000 افراد پر مشتمل ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بندوق بردار نے ایک اپارٹمنٹ کی بالکونی میں کھڑے ہو کر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ میں عمارت کے احاطے میں موجود چار افراد ہلاک ہوگئے جب کہ اس حادثے کی اطلاع پر وہاں پہنچنے والا ایک پولیس افسر بھی بندوق بردار کی گولیوں کی نشانہ بن گیا۔
پولیس کی نفری جائے واقعہ پر پہنچی تو بندوق بردار نے خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کرلیا۔ وزیر داخلہ وختانگ گومیلوری نے مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بندوق بردار ایک سابق فوجی تھا۔ اس نے سن 2006 سے سن 2021 کے درمیان فوجی خدمات انجام دی تھیں اور وہ طالبان کے خلاف جنگ کے دوران افغانستان میں بھی تعینات رہا تھا۔ زخمیوں کی حالت نازک ہے اور ان کا علاج چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی تفتیش کا حکم دے دیا گیا ہے اور حملہ آور کے خلاف قتل اور غیر قانونی طورپر ہتھیار رکھنے کے الزامات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فائرنگ کرکے لوگوں کو ہلاک کرنے کے پس پشت اس شخص کا مقصد کیا تھا؟ خیال رہے کہ اکتوبر میں جارجیا کے بحر اسود کے بندرگاہی شہر باتومی میں ایک شخص نے ایک ریستوران میں فائرنگ کرکے ایک ترک شہری کو ہلاک اور تین دیگر افراد کو زخمی کردیا تھا۔