ایک نیوز: مہنگای کی چکی میں پس رہے عوام کیلئے ایک اور بری خبر آگئی۔ روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے نان، روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 100 گرام روٹی کی قیمت 14 روپے سے بڑھا کر 16 روپے کی جارہی ہے جبکہ 150 گرام نان کی قیمت 25 روپے سے بڑھا کر 30 روپے کردی گئی ہے۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے رہنما خان افسر کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کل بروز اتوار سے ہو گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے مہنگائی کا رونا روتے ہوئے کہا کہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 1800 سے 1850 روپے میں مل رہا ہے جبکہ 80 کلو میدے کی بوری 11 ہزار روپے میں مل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی گیس اور دوکانوں کے کرائے بھی بڑھ گئے ہیں، ابھی آٹے کی قیمتیں کم ہوئی ہیں کنٹرول نہیں ہوئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر سرکاری ریٹ پر آٹا فراہم کیا جائے تو روٹی کی قیمت کم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اگر میدے کی قیمت کنٹرول کرلی جائے تو نان کی قیمت نہیں بڑھائیں گے۔