ملک بھر میں بارش اور برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

Jan 21, 2023 | 10:54 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز : ملک میں مغربی ہواوں کا بارش برسانے کا نظام دستک  دے رہا ہے جس سے ملک بھر میں میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام  آباد  میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ ملک کے بیشترعلاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں جس کے باعث پارہ نقطہ انجماد سے گرگیا۔بالائی علاقوں میں برفباری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی ہے  جس سے  مری، اسکردو ، مالم جبہ ، استور، بابو سرٹاپ اور زیارت شامل ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد میں ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا جبکہ لیہ میں پارہ منفی 10، گوپس منفی 9 اور استور میں منفی 8 ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخواہ،کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب اور شمالی بلو چستان میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔ 

ہفتے  کے روز  پنجاب  کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہے گا تاہم خطۂ پوٹھوہار ، سیالکوٹ،لاہور، فیصل آباد ، گوجرانوالہ، گجرات اور نارووال میں ہلکی بارش  اور بوندا باندی کا امکان ہے ۔ مری ،گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد اور بارش  اور   برفباری متوقع ہے ۔ اس دوران ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ اور خانیوال میں بھی بوندا باندی ہوگی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی  وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا  کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورمطلع جز وی ابر آلودر ہے گا،  تاہم کوہستان، چترال، دیر، دروش،بالاکوٹ،سوات، مالاکنڈ،ہری پور،ایبٹ آباد، مانسہرہ،بونیر ،پشاور،شانگلہ، کرم اور وزیرستان میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، زیارت،چمن، پشین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور مسلم باغ میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے  جبکہ دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ اس کے علاوہ کشمیر اور  گلگت بلتستان میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

اتوار کے روز گلگت بلتستان، کشمیر،بالائی خیبر پختونخوا،مری، گلیات، اسلام آباد ،خطہ پوٹھوہاراور شمال مشرقی پنجاب میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواوں کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔  تاہم ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم سرد جبکہ بالائی علاقوں اور بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔

مزیدخبریں