ایک نیوز: گورنر خیبر پختونخواحاجی غلام علی نے اعظم خان کو نگران وزیراعلیٰ کے پی تعینات کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اعظم خان کی بطور نگران وزیراعلیٰ کے پی تعیناتی کااعلامیہ جاری کر دیاگیا ہے،گورنر نے اعظم خان کی بطور نگران وزیراعلیٰ تعیناتی کے اعلامیہ پر دستخط کردیئے ۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ کیلئے حکومت اور اپوزیشن نے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد نگران وزیراعلیٰ کے نام کے تقرر کیلئے گورنر کو خط بھیج دیا گیا تھا۔
خط کے متن میں کہا گیا تھاکہ وزیر اعلیٰ اوراپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے اعظم خان نگران وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے لہٰذا گورنر خیبرپختونخوا اعظم خان کو نگران وزیر اعلیٰ مقررکردیں۔
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے سابق آئی جی ظفراللہ خان کا نام تجویز کیا گیا تھا۔نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقرری کے لیے گورنر کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔ مراسلے پر وزیر اعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کے دستخط موجود ہیں۔
واضح رہے کہ اعظم خان، جن کا پورا نام محمد اعظم خان ہے، ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ ہیں، جو کہ ماضی میں وزیر خزانہ اور وفاقی سیکریٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکریٹری مذہبی امور رہ چکے ہیں۔
ان کا تعلق چارسدہ کے پڑانگ علاقے سے ہے اور وہ سابق انسپکٹر جنرل پولیس محمد عباس خان کے بھائی ہیں۔اعظم خان نے ماضی میں چیف سیکریٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکریٹری کے طور پر کام کیا ہے۔
انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی، جس کے بعد وہ بار ایٹ لا کی ڈگری مکمل کرنے کے لیے لنکن-ان لندن میں بھی زیرِ تعلیم رہے ہیں۔
محمد اعظم خان کا نام اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا تھا، جس پر محمود خان نے بھی اتفاق کیا۔