کراچی: گھر میں سلنڈر پھٹنے سے خاتون جان کی بازی ہارگئی

Jan 21, 2023 | 09:31 AM

ایک نیوز: کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں گھر میں سلنڈر پھٹنے سے خاتون ہلاک ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایم میں فلیٹ میں گزشتہ روز سلنڈر پھٹنےکا واقعہ پیش آیا جس میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئی تھی لیکن  دوران علاج وہ دم توڑ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ رابعہ 90 فیصد جھلس گئی تھی، سلنڈر پھٹنے کے واقعے میں خاتون کے شوہر سمیت دیگر دو افراد بھی زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق  واقعہ رہائشی عمارت کی چوتھی منزل پر پیش آیا تھا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈمپر انتہائی تیزی کے ساتھ آیا، نوجوان کوکچل کر بھاگنے لگا تو آگے جا کر ٹائرپھٹنے پر ڈمپر رکا اور  ڈمپر ڈرائیور فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کورنگی چار نمبر پر تیز رفتار ڈمپر کی  ٹکر کے نتیجے میں جاں بحق شخص کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں اعجاز، شاہد اور سجاد شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین سے رابطہ کیا جارہا ہے، جاں بحق اور زخمی افراد گلگت کے رہائشی ہیں، حادثے کا شکار افراد ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے اور ہوٹل پر ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جا رہے تھے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ڈرائیور موقعے سے فرار ہو گیا ہے جبکہ پولیس نے گاڑی اپنی تحویل میں لے لی ہے۔

مزیدخبریں