ایک نیوز :انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ 25 لاکھ امریکی ڈالر کا فراڈ ہوگیا۔ کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سائبر کرائم کا شکار ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے ساتھ یہ آن لائن فراڈ 2022ء میں امریکا سے ہوا ہے۔ جس میں فراڈیو نے اس کام کیلئے بزنس ای میل کمپرومائز (بی ای سی) کا استعمال کیا جو کہ فیڈرل بیورو آف انویسٹگیشن (ایف بی آئی) کے مطابق مالی طور پر نقصان پہنچانے والا سب سے مؤثر آن لائن جرم ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ابھی تک اس واقعے پر خاموش ہے کیونکہ امریکی قانون نافذ کرنیوالی ایجنسیاں فراڈ کی تحقیقات کررہی ہیں جبکہ آئی سی سی کے بورڈ کو اس واقعے کے بارے میں گزشتہ سال مطلع کیا گیا تھا۔
فی الحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ملزمان نے کس طرح آئی سی سی سے رقم اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کی، اس بات کا بھی پتہ نہیں چل سکا کہ رقم ایک ہی بار نکالی گئی یا کئی بار میں منتقل کی گئی۔