چیمپئنز ٹرافی:جنوبی افریقا نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دیدی 

Feb 21, 2025 | 21:55 PM

ایک نیوز:   چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان ٹیم کو 107 رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی، افغان ٹیم جنوبی افریقہ کے 316 رنز کے پہاڑ کے سامنے بے بس دکھائی دی اور پوری ٹیم 208 رنز بنا کو آوٹ ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی نے چیمپیئنز ٹرافی کے دوسرے میچ کی میزبانی کی ،جنوبی افریقا کے  ریان ریکلٹن کی شاندار سنچری اور کپتان ٹیمبا باووما، وین ڈی ڈاسن اور ایڈن مارکرم کی نصف سنچریوں کی بدولت 6 وکٹوں پر 315 رنز بنائے ،ریان ریکلٹن نے 103، ٹیمبا باووما نے 58، ڈاسن اور ایڈن ماکرم نے باون باون رنز کی اننگز کھیلی،ٹونی ڈی زورزی 11 اور ڈیوڈ ملر نے 14 رنز بنائے۔ 

افغانستان کے محمد نبی نے 2 جبکہ فضل حق فاروقی، عظمت اللہ عمرزئی اور نور احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری جانب 316 رنز کے پہاڑ ہدف کے تعاقب میں افغانستان ٹیم کا آغاز ہی اچھا نہ رہا، 89 کے سکور پر اس کی 5اہم وکٹیں گر گئیں، جن میں رحمت اللہ گرباز 10، ابراہیم زادران 17، صدیق اللہ اٹل 16، کپتان حشمت اللہ شاہدی بغیر کوئی رن بنائے اور عظمت اللہ عمرزئی 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 

محمد نبی، گلبدین نائب، راشد خان اور نور احمد بھی ٹیم کی توقعات پر پورا نہ اتر سکے، رحمت شاہ 90 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ،پوری افغان ٹیم 43.3 اوورز میں 208 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ 

جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادہ نے 3، لونگی نگیڈی اور مولڈر نے 2،2جبکہ مارکو جینسن اور کیشیو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،آخر میں پروٹیز کے ریان ریکلٹن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ 

خیال رہے کہ گروپ بی میں جنوبی افریقا نے پہلی کامیابی اپنے نام کر لی ہے ،اس گروپ کا دوسرا میچ ہفتہ کے روز دو روایتی حریف آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا ۔   

مزیدخبریں