ایک نیوز :مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی ،نومنتخب لیگی ارکان اسمبلی نے نامزد وزیراعلیٰ مریم نوازپربھرپوراعتماد کااظہار کردیا۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں لیگی ممبران سمیت آزاد ارکان بھی شریک ہوئے جبکہ مخصوص نشستوں کیلئے نامزد ارکان بھی اجلاس میں شامل تھے، اجلاس میں کل 218 ارکان شریک ہوئے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے 137 کامیاب امیدوار، مخصوص نشستوں کیلئے نامزد 58 خواتین اور ن لیگ میں شامل ہونے والے 22 سے زائد آزاد ارکان اجلاس میں شریک ہوئے۔
نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پارٹی قائد محمد موازشریف‘ پارٹی صدر شہباز شریف اور جماعت کے تمام اکابرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ پارٹی قائد نوازشریف اور صدر شہبازشریف کے زیرِ سایہ‘ اُن کی رہنمائی اور تجربے کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کریں گے۔ آپ سب کا اعتماد اور حمایت میرا اصل اثاثہ ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے اور پوری کوشش ہو گی کہ میں آپ سب اور عوام کے اعتماد پر پورا اتروں۔اللہ تعالیٰ مجھے اپنی مخلوق کی بہترین انداز میں خدمت کی توفیق‘ ہمت اور رہنمائی عطافرمائے۔
مریم نواز کاکہنا تھا کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز ملا ہے۔ میں یہ اعزاز پاکستان کی ہر ماں‘ ہر بہن‘ ہر بیٹی اور ہر بچی کے نام کرتی ہوں۔ یہ ایک خاتون‘ ایک بیٹی کو عزت دی گئی ہے۔