ایک نیوز : ملکی سیاست میں بڑی سیاسی ہلچل، سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ اپنے 10 سابق اراکین پنجاب اسمبلی سمیت تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ عمران خان نے پرویز الہیٰ کو مرکزی صدر پی ٹی آئی بنانے کا بھی فیصلہ کرلیا۔
لاہور زمان پارک میں پرویز الہیٰ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں انہیں تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتے ہیں۔مشکل حالات میں پرویز الہیٰ نے تحریک انصاف کا ساتھ دیا۔ پرویز الہیٰ کو پارٹی کا مرکزی صدر بھی بنایا جائے گا۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی سیسہ پلائی دیوار کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ پرویز الہٰی اور ق لیگ کے کردار کو پی ٹی آئی سراہتی ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ہم آگے بڑھیں گے۔مسلم لیگ ق باقاعدہ طور پر پی ٹی آئی میں ضم ہو گئی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کاکہنا تھا کہ عمران خان اور ساری لیڈر شپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عمران خان اور پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کا احترام کرتاہوں۔ عمران خان نے پی ٹی آئی کا مرکزی صدربنانے کا کہہ دیا ۔ہر وہ کام کریں گے جس سے ملک اور صوبے کا فائدہ ہو ۔کوئی ایسا کام نہیں ہو گا جس سے تحریک انصاف کو نقصان پہنچے۔
چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نے آج تک ایسا کام نہیں کیا جس سے عوام کی بھلائی ہو ۔
قبل ازیں مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی چیئر مین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں اہم ملاقات ہوئی تھی ۔ جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں پرویز الہیٰ نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا جبکہ عمران خان نے انہیں پارٹی میں مرکزی صدر بنانے کے فیصلے کی منظوری بھی دی۔