ڈیجیٹل مردم شماری کی ویب سائٹ افتتاح کے فوری بعد بند

 ڈیجیٹل مردم شماری کی ویب سائٹ افتتاح کے فوری بعد بند

ایک نیوز:وزارت آئی ٹی کی تازہ کارکردگی کا بھانڈہ پھوٹ گیا ،قومی ادارہ شماریات پر پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی ویب سائٹ ہی بند ہو گئی۔ 

رپورٹ کے مطابق پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کیلئے گزشتہ رات ویب سائٹ کا افتتاح کیا گیا تھا لیکن وہ اگلے ہی روز بند ہو گئی۔ شہری آن لائن مردم شماری سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔ ملک میں ساتویں مردم و خانہ شماری یکم مارچ 2023 سے شروع ہو گی جس کے لیے خود شماری پورٹل کا افتتاح کیا گیا تھا سید امین الحق نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈیجیٹل مردم شماری کی راہ ہموار کرنے پر وزیراعظم کے شکرگزار ہیں، اس حوالے سے احسن اقبال اور اسد عمر کا بھی اہم کردار ہے۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق کا کہنا تھا کہ اب مردم شماری بھی ڈیجیٹل ہو گئی ہے، عوام پورٹل پہ جا کر اپنا اور اپنے اہل خانہ کا اندراج کریں۔

قومی ادارہ شماریات میں ڈیجیٹل مردم شماری کے سلسلے میں خود شماری پورٹل نے کام شروع کردیا ہوا ہے۔ ڈیجیٹل مردم شماری میں جس شخص کی متعلقہ شہر یا ضلع میں اس وقت رہائش ہوگی اس کا شمار اسی شہر میں ہوگا۔شناختی کارڈ پر مستقل پتہ کسی دوسرے شہر کا اور رہائش کسی دوسرے شہر میں ہوگی تو رہائشی شہر ہی اس کی سکونت شمار کی جائے گی۔

بڑے شہروں میں روزگار کیلئے دیگر شہروں سے آنے والے افراد اس شہر کے تمام وسائل تو استعمال کرتے ہیں لیکن ان کی گنتی اس شہر میں نہیں ہوتی۔شہر کے ترقیاتی منصوبوں، وسائل کی تقسیم اور آبادی کے لحاظ سے دیگر امور کی انجام دہی آسان ہوجائیگی۔ ڈیجیٹل مردم شماری سے تمام شہروں اور اضلاع میں آبادی اور گھروں کا شمار درست انداز میں کیا جائے گا۔جب لوگوں کا اندراج درست ہوگا تو وسائل  کی تقسیم بھی اسی کے تحت درست انداز میں کی جاسکے گی۔