ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے جشن بہاراں کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق فالواپ اجلاس کی صدارت کی۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،منصور قادر،بلال افضل،ابراہیم مراد،عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ، ہائیر ایجوکیشن، سکول ایجوکیشن، اطلاعات، سیاحت، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی لوکل گورنمنٹ، ڈی جی پی ایچ اے، چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
محسن نقوی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ لاہورسمیت دیگر بڑے شہروں میں جشن بہاراں کیلئے انتظامات خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں۔ لاہور میں طویل عرصے کے بعد میراتھن ریس کا انعقاد کرایا جارہا ہے۔ میراتھن ریس کوجشن بہاراں کی تقریبات کا مستقل ایونٹ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے ذریعے شہریوں کو بہترین تفریح فراہم کی جائے گی۔ ہارس اینڈ کیٹل شو میں آتشبازی ہوگی اورنیزہ بازی کے مقابلے کرائے جائیں گے۔ جشن بہاراں کے دوران داتا دربار پر 7روزمحفل سماع کا انعقاد کرایا جائے گا۔ نہر اورشہرکی اہم شاہراہوں کوخوبصورتی سے سجایا جائے گااورلائٹنگ کی جائے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جیلانی پارک میں فوڈ فیسٹیول کا انعقادکرایا جائے گا۔ گریٹر اقبال پارک میں بھی جشن بہاراں کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور شہریوں کی تفریح کے لئے سرکس بھی لگے گی۔ معروف گلو کاروں کو جشن بہاراں کی تقریبات میں مدعو کیا جائے گا۔ میوزک اورصوفی نائیٹس بھی جشن بہاراں کی تقریبات کا حصہ ہوں گی۔ جشن بہاراں جیسے تہوار صحت مند معاشرے کا عکاس ہوتے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جشن بہاراں میں شہریوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے موثر تشہیر کی جائے۔ جشن بہاراں جیسے تہوار لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرتے ہیں۔