نامکمل کورم سے ضمنی مالیاتی بجٹ پاس کرانا جمہوریت کی توہین، شیخ رشید

نامکمل کورم سے ضمنی مالیاتی بجٹ پاس کرانا جمہوریت کی توہین، شیخ رشید
کیپشن: Passing the supplementary financial budget with an incomplete quorum is an insult to democracy, Sheikh Rasheed(file photo)

ایک نیوز: سابق وزیرداخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے آرمی چیف سے بڑا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نامکمل کورم سے170ارب روپے کا ضمنی مالیاتی بجٹ منظور کرانا جمہوریت کی توہین ہے۔ عوامی سواری کی بجائے مخصوص نجی طیاروں پرسفرکرتےہیں۔ کیوںکہ چور کے نعرے سے ڈرتے ہیں۔ آرمی چیف میرے گھر کی ڈکیتی پر تحقیقات کرائے اور میرے موبائل فون واپس کروائے کیوںکہ پولیس مال دینےسےانکاری ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کے اختتام پر لکھا کہ پولیس کسی اورطرف اشارہ کررہی ہے۔

دریں اثناء اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آبپارہ پولیس منشیات فروشی کے لیے مشہور ہے، پولیس نے میرے گھر پر ڈاکا ڈالا اور قیمتی اشیا بھی چوری کیں، میں نے فون کے پاسورڈ پولیس کو دے دیے ہیں، امید ہے لائسنس شدہ اسلحہ اور گھڑیاں واپس مل جائیں گی۔

صدر کی جانب سے الیکشن کے اعلان پر شیخ رشید نے کہا کہ صدر نے ٹھیک آئینی و قانونی اعلان کیا ہے جو سیاسی جماعت انتخابات سے بھاگتی ہے وہ مافیا ہے، صدر عارف علوی نے اپنا حق ادا کردیا ہے، ملک میں انتخابات نہیں ہوئے تو خانہ جنگی ہوگی۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا ان کی حکومت نہیں، تو کون آپ کو لے کر آیا؟ معلوم نہیں انتخابات ہوتے ہیں یا نہیں لیکن ڈھول حکومت کے گلے میں لٹکا رہےگا۔