مارول کی نئی فلم 'اینٹ مین اینڈ دی ویسپ: کوانٹم مینیا کا باکس آفس پر راج

مارول کی نئی فلم 'اینٹ مین اینڈ دی ویسپ: کوانٹم مینیا کا باکس آفس پر راج

ایک نیوز: ڈزنی اور مارول اسٹوڈیو کی نئی فلم 'اینٹ مین اینڈ دی ویسپ: کوانٹم مینیا' نےریلیز کے پہلے ہی ہفتے ہی باکس آفس پر کامیابی کا سفر شروع کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  اینٹ مین اینڈ دی ویسپ: کوانٹم مینیا' فلم نے امریکی باکس آفس پر 10 کروڑ ڈالر سے زائد  اور دنیا بھر سے ابتدائی تین دن میں 22 کروڑ ڈالرز سے زائد کما چکی ہے۔ یہ نومبر میں ریلیز ہونے والی 'بلیک پینتھر: وکانڈا فورایور' کے بعد پہلی مارول فلم ہے جو سنیما میں ریلیز ہوئی ہے۔
مارول اسٹوڈیو کی 31ویں فلم کے لیے شائقین پہلےسے منتظر تھے لیکن ناقدین کی جانب سے اسے ریلیز سے قبل ہی فلاپ فلم قرار دے دیا گیا تھا۔ کسی نے اس کو اب تک کی سب سے بری مارول فلم 'ایٹرنلز' سے معمولی بہتر قرار دیا تھا تو کوئی اسے سال کی سب سے بری فلم کہہ رہا تھا۔مبصرین کے خیال میں خراب ریویوز کے باوجود اس فلم کی کامیابی دیگر فلم سازوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔فلم نےپہلے ویک اینڈ پر بزنس پہلی اینٹ مین فلم سے دوگنا ہ کمایا ہے اور یہ مسلسل 31ویں مارول فلم ہے جس نے باکس آفس پر ڈیبیو ہی ٹاپ پوزیشن پر کیا ہے۔
' کوانٹم مینیا' کی کہانی اسکاٹ لینگ اور ان کے خاندان کےگرد گھومتی ہے جو ایک تجربے کے نتیجے میں کوانٹم ریالم نامی ایک ایسے جہاں میں پہنچ جاتے ہیں، جہاں اینٹ مین کی ساتھی دی ویسپ  کی والدہ جینٹ  کو ان کے والد ہینک پم  کئی سال قید رہنے کے بعد رہا کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
اس بار کوانٹم ریالم میں پہنچانے والی کوئی اور نہیں، اسکاٹ لینگ کی بیٹی کیسی تھیں جو ہینک پم کی مدد سے ایسا کرنے میں کامیاب ہوتی ہیں،جب یہ پانچوں افراد کوانٹم ریالم میں پہنچتے ہیں تو انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ وہاں سے نکلنے کے لیے انہیں کینگ  نامی فاتح کو شکست دینا ہوگی جو اپنا جہاز خراب ہوجانے کی وجہ سے وہاں قید ہوجاتا ہے۔
کینگ کا جینٹ سے کیا تعلق ہے اور جینٹ انہیں وہاں جانے سے کیوں روکتی ہے؟ یہ سب کچھ اور بہت کچھ اس فلم میں دکھایا گیا ہے۔فلم کی کہانی نہ صرف 'ایونجرز' سیریز کو آگے بڑھاتی ہے بلکہ بہت خوش اسلوبی سے ٹی وی سیریز 'لوکی' کے آنے والے سیزن سے بھی اسے جوڑتی ہے۔
فلم میں اسکاٹ لینگ اور اینٹ مین کا کردار نبھانے والے پال رڈ نے تو شاندار کام کیا ہے ہی، جوناتھن میجرز کا بطور ولن کردار سب سے طاقتور ہے۔ وہ تھینوس کے بعد سب سے بڑے مارول ولن کے طور پر سامنے آئے ہیں جسے آگے جاکر ' ایونجرز، دی کینگ ڈائنسٹی' میں اس سے بھی زیادہ بڑے انداز میں پیش کیا جائے گا۔
فلم کے دیگر اہم کرداروں میں کیتھرین نیوٹن اور مشیل فائفر قابلِ ذکر ہیں جب کہ بل مرے نے بھی ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا ہے۔ فلم میں مائیکل ڈگلس اور ایونجلین للی کا کردار گزشتہ فلموں کے مقابلے میں نسبتاََ کم ہے البتہ ان کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔