16 سال پرانا اوریجنل آئی فون1 کروڑ 64 لاکھ روپے میں فروخت

Feb 21, 2023 | 00:44 AM

  ایک نیوز :16 سال پرانے  آئی فون کو 1کروڑ64لاکھ میں فروخت کردیاگیا۔امریکا میں آئی فون فرسٹ ایڈیشن کا ایک سیل پیک ماڈل ریکارڈ 63 ہزار 356 ڈالرز میں نیلام ہوا۔

2 فروری کو یہ فون ڈھائی ہزار ڈالرز کی ابتدائی بولی کے ساتھ نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا اور 19 فروری تک اس کے لیے بولی لگتی رہی۔

آکشن ہاؤس کو توقع تھی کہ یہ آئی فون 50 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوگا۔یہ فون ایک خاتون کیرن گرین کی ملکیت تھا جو ان کو 2007 میں تحفے کے طور پر ملا تھا، مگر وہ فون کنکشن کے مسائل کے باعث اسے استعمال نہیں کرسکیں اور الماری میں رکھ کر بھول گئیں۔

اب انہوں نے اسے نیلامی کے لیے پیش کیا تھا تاکہ اپنے کاروبار کے لیے رقم جمع کر سکیں۔

خیال رہے کہ 8 جی بی اسٹوریج والا یہ آئی فون 2007 میں 599 ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔اس فون میں 3.5 انچ کا ڈسپلے اور 2 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔

اس کے مقابلے میں نئے آئی فون 14 میں 128 جی بی اسٹوریج اور 12 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ ایک الٹرا وائیڈ لینس بھی دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں