ویب ڈیسک:جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے میں 16 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 8 خوارج ہلاک کردیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی شب خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے جنرل ایریا میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
حملے کی اس کوشش کو فورسز نے مؤثر طریقے سے ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ خوارج کو ہلاک کردیا۔
تاہم، اس شدید فائرنگ کے تبادلے مٹی کے سولہ بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔
آئی اسی پی آر کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شہید اہلکاروں کی تفصیلات
شہید اہلکاروں میں 30 سالہ لانس نائیک لیاقت علی شہید کا تعلق ضلع کرم سے ہے، جنہوں نے 11 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔
31سالہ لانس نائیک محمد اسحاق شہید ضلع کرک کے رہائشی ہیں جنہوں نے 9 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں۔
38سالہ حوالدار ایوب خان شہید کا تعلق ضلع اٹک سے ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج کو دیئے۔
40سالہ حوالدار عمر حیات شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے اور انہوں نے 17 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔
26سالہ سپاہی محبوب رحمان شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے، انہوں نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیئے اور وطن کا دفاع کیا۔
37سالہ حوالدار محمد حیات شہید بنوں کے رہائشی ہیں، حوالدار محمد حیات شہید نے 17 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں۔
26سالہ لانس نائیک شیر محمد شہید کا تعلق ضلع مالاکنڈ سے ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے 7 سال پاک فوج کو دیئے۔
22سالہ سپاہی احسان الحق شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے، سپاہی احسان الحق شہید نے 4 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔
25سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے جنہوں نے اپنی زندگی کے 3 سال پاک فوج کو دیئے۔
29سالہ لانس نائیک حامد علی شہید کا تعلق ضلع صوابی سے ہے، سپاہی حامد علی شہید نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیئے۔
26سالہ سپاہی کلیم اللہ شہید ضلع لکی مروت کے رہائشی ہیں، جنہوں نے 3 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے خدمات سرانجام دیں۔
41سالہ حوالدار طاہر محمود شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے، حوالدار طاہر محمود شہید نے 18 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا۔
39سالہ لانس نائیک مصور شاہین شہید ضلع کوہاٹ کے رہائشی ہیں، لانس نائیک مصور شاہین شہید نے 7 سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔
22سالہ سپاہی فیض محمد شہید کا تعلق ضلع مانسہرہ سے ہے، جنہوں نے اپنی زندگی کے 4 سال پاک فوج کو دیئے۔
23سال سپاہی طیب علی شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے، سپاہی طیب علی شہید کو پاک فوج میں بھرتی ہوئے صرف ایک سال کا عرصہ ہوا تھا اور انہوں نے سوگواران میں والدین چھوڑے ہیں۔
26سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے، سپاہی جنید شہید نے پاک فوج میں 4 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا اور سوگواران میں والدین اور اہلیہ چھوڑے ہیں۔