ایک نیوز: (چودھری اشرف) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا، مجوزہ شیڈول کے مطابق ایونٹ کا فائنل لاہور جبکہ بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فائنل نیوٹرل وینیو پر ہوگا ، ایک سیمی فائنل لاہور اور دوسرا سیمی فائنل نیوٹرل وینیو پر ہوگا ۔
ممکنہ شیڈول کے مطابق لاہور اور نیوٹرل وینیو پر چار میچ کھیلے جائیں گے ، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 3،3 میچز کی میزبانی کریں گے ، ممکنہ شیڈول کے مطابق ایونٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری کا میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا ،ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا ، پاکستان ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گا ،بھارت اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش جبکہ تیسرا میچ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف نیوٹرل وینیو پر ہوگا ۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پہلا میچ 22 فروری کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا ، افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 26 فروری کو قذافی سٹیڈیم میں مدِمقابل ہوں گی ، افغانستان اور آسڑیلیا کے درمیان میچ 28 فروری کو قذافی سٹیڈیم میں ہوگا ، مجوزہ شیڈول کے مطابق آسٹریلیا اور جنوبی آفریقہ کی ٹیمیں 25 فروری کو راولپنڈی میں ان ایکشن ہوں گی ، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں کھیلیں گی ،ایونٹ میں یکم مارچ کو جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے درمیان میچ کراچی میں کھیلا جائے گا ۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو ہوگا جبکہ فائنل میچ 9 مارچ کو شیڈول ہے ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔