ایک نیوز: اسلام آبادکی انسداددہشتگردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس،احتجاج اور توڑ پھوڑ کیسز میں سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی سماعت 15فروری تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق سابق جوڈیشل کمپلیکس،احتجاج اور توڑ پھوڑ کیسز کی سماعت اسلام آبادکی انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی عدالت پیش ہوئے۔پرویز الہی کے وکلاء سردار عبدالرازق اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے کہ چودھری صاحب کیسے ہیں،تاخیر سے آنے پر معذرت۔
چودھری پرویز الہی نے کہا کہ گرگیاتھا، دوٹسٹ کرانے ایک ٹسٹ الشفاء ٹرسٹ میں ہی ہوتا ہے، استدعا ہے دونوں ٹسٹوں کیلئے اجازت دی جائے۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے کہ درخواست دے دیں دیکھ لوں گا،بے شک اڈیالہ میں ہی دے دیں۔کل جیل آؤں گا وہیں درخواست دے دیں۔
پرویز الہی نے کہا کہ خان صاحب آپ کی بہت تعریف کرتے ہیں۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے کہ میری کوشش ہے میرٹ پر کام کروں، کسی کی حق تلفی نہیں کرتا۔
پرویز الہی نےکہا کہ لمبی تاریخ دے دیں۔
جج نے ریمارکس دیئے کہ کتنی لمبی تاریخ دوں چلہ تو نہیں کاٹنا۔
جج نے ہدایت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پرویزالہٰی کو وکلاء اور دیگرسے ملاقات کی اجازت ہے،ساتھ دوسرے کمرے میں بیٹھ جائیں۔
بعد ازاں عدالت نے سماعت15 فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔