ویب ڈیسک : جاپانی الیکٹرونکس کمپنی سونی کے پلے سٹیشن فائیو کی فروخت پانچ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سونی کمپنی نے کہا ہے کہ سال 2023 میں پی ایس فائیو کی مانگ زیادہ رہی جس کی ایک وجہ سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اس کی گیمز ہیں۔ ان گیمز میں ’بالدورز گیٹ تھری‘ اور ’ایلن ویک ٹو‘ بھی شامل ہیں۔
نومبر 2020 میں پی ایس فائیو لانچ کیا گیا تھا جب دنیا کورونا کی عالمی وبا کا مقابلہ کر رہی تھی۔ اس ماڈل کی فروخت ابتدائی طور پر متاثر رہی جس کی بڑی وجہ سپلائی چین میں مسائل اور گلوبل چِپ کی قلت تھی۔
اس کے باوجود سونی کمپنی پی ایس فائیو کی 5 کروڑ کی فروخت کا سنگ میل حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ سونی نے یہ کامیابی اُسی عرصے میں حاصل کی جتنے عرصے میں پچھلے ماڈل پی ایس فور کی سیلز اس حد تک پہنچی تھیں۔
سونی کمپنی کے صدر جم رائین نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’ہم انتہائی پرجوش ہیں کہ اس کی لانچ کے بعد یہ پہلا چھٹیوں کا سیزن ہے جب ہمارے پاس پی ایس فائیو کونسلوز کی مکمل سپلائی موجود ہے، لہٰذا جو بھی لینے کی خواہش رکھتا ہے، وہ لے سکتا ہے۔‘
سال 1994 میں پہلے پلے سٹیشن کی ریلیز کے بعد سے سونی کمپنی کونسول گیمنگ میں ابھر کر سامنے آئی ہے جس کی رواں سال کی آمدنی 53 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
پی ایس ٹو ابھی بھی سونی کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا گیمنگ سٹیشن ہے جس کے 15 کروڑ 50 لاکھ یونٹس فروخت ہو چکے ہیں، جبکہ پی ایس فور کے 11 کروڑ 70 لاکھ یونٹس فروخت ہوئے۔
اکتوبر میں سونی کے انسومنیاک گیمز نے ’مارول سپائیڈر مین ٹو‘ بنائی تھی جو ریلیز کے پہلے چوبیس گھنٹوں میں پلے سٹیشن سٹوڈیو گیمز کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گیم بن گئی۔
سال 2001 کے بعد سے مائیکروسافٹ کا ایکس باکس سونی کے پلے سٹیشن کے لیے ایک بڑا چیلنج بن کر ابھرا ہے۔