عمران خان کی بہن علیمہ خان کا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان

عمران خان کی بہن علیمہ خان کا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان
کیپشن: عمران خان کی بہن علیمہ خان کا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف اپنے بھائی کا مقدمہ لڑوں گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر ایک صحافی کیجانب سے پوچھے گئے سوال پر علیمہ خان نے کہا کہ میں الیکشن نہیں لڑوں گی، صرف اپنے بھائی کا مقدمہ لڑ رہی ہوں۔ ان سے سوال ہوا کہ کیا ان کی کوئی بہن یا عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی الیکشن میں حصہ لیں گی تو انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی الیکشن نہیں لڑ رہا۔ ہم صرف عمران خان کے کیسز لڑ رہے ہیں۔

علیمہ خان سے سوال ہوا کہ اگر عمران خان الیکشن لڑنے کا کہیں تو آپ الیکشن لڑیں گی، جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ اگر وہ کہیں تب بھی میں الیکشن نہیں لڑوں گی۔ علیمہ خان نے کہا کہ ہماری انصاف کی امید اللہ سے ہے اور سپریم کورٹ سے بھی انصاف کی امید رکھنی چاہیے لیکن جو کچھ ہورہا ہے وہ سب آپ کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پھر بھی سپریم کورٹ سے نا امید نہیں ہیں اگر سپریم کورٹ سے امید نہیں لگائیں گے تو کس سے لگائیں گے۔ سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہونی چاہیے، اگر ہمیں وہاں سے بھی انصاف نہیں ملتا تو اللہ سے ضرور ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت نوازشریف نے 2 امپائر کھڑے کیے ہیں اور وہ چاہ رہے ہیں کہ مخالف ٹیم کو میدان سے ہی آؤٹ کردو۔ اس کا ثبوت اب واضح ہے کہ لوگ کاغذات جمع کرانے جاتے ہیں ان سے کاغذات ہی چھین لیے جاتے ہیں۔