ایک نیوز: بھارت میں کورونا کے نئے ورژن ’’ جے این ون ’’ کے باعث خوف کی لہر پائی جارہی ہے۔ اب تک نئی قسم سے 6 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں جس کے بعد ماسک کی پابندی کو دوبارہ نافذ العمل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا ابھی تک کورونا کی وبا سے پوری طرح نجات نہیں پا سکی تھی کہ اس کے نئے سب ویرینٹ جے این 1 نے دستک دے دی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا جے این ون کے باعث بھارت میں 6 افراد کی موت ہوئی ہے اور 350 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں کورونا سے 20 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارتی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 358 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 300 صرف کیرالا میں درج کیے گئے ہیں۔
اس عرصے کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے 6 افراد کی موت ہوئی ہےجن میں کرناٹک میں 2، پنجاب میں ایک اور کیرالا سے 3 افراد شامل ہیں۔
کورونا کے نئے ویریئنٹ کے پیش نظر دنیا کے مختلف ممالک میں عوام کو ایک بار پھر ماسک لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ گنجان علاقوں میں ماسک ضرور پہنیں۔ وہیں، بھیڑ والے علاقوں میں جانے سے بچنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دوسری طرف بھارت کے وفاقی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ ملک میں COVID-19 کے کیسوں میں اضافہ اور نئے JN.1 ویریئنٹ کے ابھرنے کے درمیان نگرانی برقرار رکھیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی شدت کے دوران صورتحال انتہائی بدتر ہوگئی تھی اور بھارت کی وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق ہر 4 منٹ میں ایک شخص وائرس سے ہلاک ہورہا تھا۔
گزشتہ کورونا کے دور میں بھارت میں ہر آنے والا دن بد سے بدتر رہا تھا۔ ملک میں آکسیجن سلنڈرز کی کمی کے باعث صورتحال انتہائی گھمبیر ہوگئی تھی۔ اسپتالوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں تھیں جبکہ اسپتال میں جگہ نہ ہونے کے باعث عوام فٹ پاتھ پر سلنڈرز لیے دیکھے جاتے تھے۔