شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی ایک مرتبہ پھر ایٹمی حملے کی دھمکی

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی ایک مرتبہ پھر ایٹمی حملے کی دھمکی
کیپشن: North Korean leader Kim Jong-un has once again threatened a nuclear attack

ایک نیوز: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے جمعرات کو خبردار کیا کہ اگر کسی دشمن نے 'جوہری ہتھیاروں سے مشتعل' کیا تو پیونگ یانگ جوہری حملہ کرنے سے نہیں ہچکچائے گا۔ ادھرسیول اور اس کے اتحادیوں نے 'غیر مشروط بات چیت' پر زور دیا ہے-

کم جونگ ان نے یہ وارننگ جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات کے بعد دی ہے، جہاں دونوں ملکوں نے جوہری تدارک پر بات چیت کی تھی۔

اجلاس کے ایجنڈے میں "جوہری اور اسٹریٹیجک منصوبہ بندی" بھی شامل تھی اور دونوں اتحادیوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پیانگ یانگ کی طرف سے امریکہ یا جنوبی کوریا پر کسی بھی جوہری حملے کا نتیجہ شمالی کوریا کی حکومت کے خاتمے کی صورت میں نکلے گا۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا نے پیر کے روز اپنا سب سے طاقتور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ہواسونگ۔18لانچ کیا تھا، جو امریکہ کے کسی بھی علاقے کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پیونگ یانگ کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے سی این نے جمعرات کے روز بتایا کہ کم نے فوج کی ملٹری میزائل بیورو سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ، "اگر دشمن اپنے جوہری ہتھیاروں سے ہمیں مشتعل کرتا ہے تو آپ جوہری حملہ کرنے سے بھی نہ ہچکچائیں۔"

انہوں نے پیر کے روز کیے گئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے میں شامل فوجیوں اور سائنس دانوں کو مبارک باد دی۔

کم جونگ ان نے کہا کہ پیرکو کیا گیا بیلسٹک میزائل کا تجربہ فوج کی اعلیٰ نقل و حرکت اور تیزی سے حملہ کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے فوج سے اپنی جوابی کارروائی کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔