ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب میں 2600کلومیٹر روڈز کی تعمیر ومرمت کی منظوری دیدی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مختلف اضلاع میں 105سڑکوں کی بہترین معیار کی تعمیر ومرمت اور توسیع ہوگی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدار ت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں روڈزبحالی پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل انور نے سڑکوں کی تعمیر وبحالی پر پیشرفت پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ 104سڑکوں کی تعمیرو مرمت اور بحالی کے پراجیکٹ زیر التوا تھے۔ ایک سال سے بھی کم عرصے میں روڈز کے 104 پراجیکٹس کی عمدگی سےتکمیل ریکارڈ ہوگا۔ صوبے کی 104 سڑکوں کی تعمیر وتوسیع اور بحالی پراجیکٹس پر تقریباً-150ارب روپے لاگت آئے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ روڈز کے تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے لئے ہر ضلع اور ڈویژن میں خصوصی کمیٹی مانیٹرنگ کررہی ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں اہم روڈز کی تعمیر کے 9پراجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں۔ مختلف اضلاع کی 33 شاہراہیں تیزی سے زیر تکمیل ہیں جنہیں جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ مزید 39سڑکوں کے لئے اضافی فنڈز مہیا کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ روڈز کے 6پراجیکٹ پی ایس ڈی پی کے تحت مکمل کئے جائیں گے۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی تعمیر وبحالی اور توسیع کے پراجیکٹ کی تکمیل عوام کی ناگزیر ضرورت ہیں۔ روڈز کی تعمیرومرمت اور بحالی سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی ہوگی بلکہ ٹریفک میں بھی روانی ہو گی۔
صوبائی وزیر بلدیات عامر میر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈ ویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔