ایک نیوز: فروری 2024ء میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے گہما گہمی جاری ہے، سیاسی قائدین سمیت ملک بھر میں متعدد سیاستدانوں نے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 100 سے زائد امیدواروں نے جنرل الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی وصول کیے۔
نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کے حلقے
مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے انتخابات کیلئے ملک کے مختلف حلقوں کا چناؤ کیا گیا ہے، قائد (ن) لیگ میاں نواز شریف این اے 15 مانسہرہ اور لاہور کے حلقہ این اے 130 سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے، انہوں نے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے ہیں۔
پارٹی کے صدر شہباز شریف نے لاہور کے حلقہ این اے 123 اور پی پی 158 جبکہ کراچی کے حلقہ این اے 242 سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں، مریم نواز این اے 119 اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر میدان میں اتریں گی، حمزہ شہباز این اے 118 سے انتخاب لڑیں گے۔جبکہ مسلم لیگ ن سے بیرسٹر دانیال چودھری نے این اے 57 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔
آصف علی زرداری، بلاول بھٹو کے حلقے
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کیلئے این اے 207 نواب شاہ سے انتخابی فارم وصول کیے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری این اے 194 لاڑکانہ سے الیکشن میں حصہ لیں گے، سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے این اے 148 ملتان سے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے حلقے
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میانوالی، لاہور اور اسلام آباد کے 3 حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے آج کاغذات نامزدگی پر دستخط کرائیں گے، چودھری پرویز الہٰی گجرات، منڈی بہاؤالدین اور تلہ گنگ سے 3 قومی اور 3 صوبائی حلقوں سے انتخاب لڑیں گے، ڈاکٹر یاسمین راشد اور شفقت محمود نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے۔
جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کے حلقے
سربراہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) جہانگیر خان ترین اور ان کے بیٹے علی ترین نے این اے 155، پی پی 227 اور پی پی 228 سے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے، جہانگیر ترین کی صاحبزادی مہرخان ترین نے بھی قومی سیاست میں قدم رکھ لیا اور ان کی جانب سے این اے 155 کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کیے گئے ہیں، مہر خان ترین پی پی 227 سے بھی الیکشن میں حصہ لیں گی۔
آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے این اے 119 لاہور کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے، وہ لاہور ہی سے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 149 سے بھی امیدوار ہوں گے، ہمایوں اختر خان نے این اے 97 تاندلیانوالہ سے الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔
شیخ رشید، چودھری نثار اور دیگر رہنماؤں کے حلقے
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور راشد شفیق نے این اے 56 اور 57 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے، الیکشن کمیشن نے دونوں کو 24 تاریخ کو دن دس بجے سکروٹنی کیلئے طلب بھی کر لیا ہے، این اے 56 میں راشد حفیظ، این اے 53 سے چودھری نثار علی خان، انجینئر قمر اسلام، چودھری نعیم اعجاز، اجمل صابر نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔
ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے این اے 242 میں الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے جبکہ این اے 243 سے ہمایوں عثمان نے ایم کیو ایم کے امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی وصول کر لیے، کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل 22 دسمبر تک جاری رہے گا، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہو گی۔
تین جنوری 2024ء کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلوں کیلئے مختص کیا گیا ہے جبکہ 10 جنوری کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلے کا آخری دن ہو گا، 11 جنوری کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرستیں جاری کی جائیں گی جبکہ 12 جنوری کاغذات نامزدگی واپس لینے کیلئے آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے، امیدواروں کو 13 جنوری کو انتخابی نشان دیئے جائیں گے۔
عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری کو ہو گی.