ایک نیوز نیوز: چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ مستقبل میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بہتر منصوبہ بندی اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام پوسٹ مون سون سیزن 2022 سے متعلق جائزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کی۔
کانفرنس میں مختلف وفاقی و صوبائی محکموں نے حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو ، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کے دوران درپیش مسائل و چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل سے متلعق اپنی تجاویز و سفارشات سے فورم کو آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے اور ملک و قوم کو مزید جانی و مالی نقصانات سے بچانے پر تمام سول و عسکری ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ ملک کے تمام ادارے کسی بھی قدرتی آفت میں ہنگامی ردعمل کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ تاہم ہمیں مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بہتر منصوبہ بندی اور ہم آہنگی کی بھی ضرورت ہے۔