ایک نیوز نیوز: پنجاب کی سیاسی صورتحال میں نئی ہلچل دیکھنے میں آئی ہے۔ پنجاب میں 3 اہم شخصیات نے سرجوڑ لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کے اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملہ پر حکمران اتحاد کی مشاورت اور اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری ،چوہدری شجاعت اور وزیراعظم شہباز شریف کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے بھی ٹیلی فونک گفتگو میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے اسپیکر کی طرف سے اجلاس غیر آئینی قرار دینے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ اعتماد کے ووٹ بارے آئین قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
گفتگو میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 130 اور پنجاب اسمبلی کے قواعد واضح ہیں، پرویز الٰہی نے آج اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکمران اتحاد نے آئینی و قانونی ماہرین سے بھی مشاورت مکمل کرلی ہے۔ حکومتی رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ عدم اعتماد جمع ہوجائے یا اعتماد کے ووٹ کا معاملہ ہو اجلاس گورنر ہی بلائے گا، گورنر کے بلائے اجلاس کو اسپیکر روک نہیں سکتا۔