صدام مانگٹ: اسلام آباد میں ڈاکو بے لگام ہوگئے۔ دن دیہاڑے ناکہ بندی کرکے شہریوں کو لوٹنے لگے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی کی حدود میں یکے بعد دیگرے ڈکیتیوں کی 4 وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ جہاں تین موٹر سائیکل سوار ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹتے رہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکو سری نگر ہائی وے پر واردات کرکے فرار ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ پہلی واردات میں شہری سے تین لاکھ روپے اور موٹر سائیکل چھین لیا۔
بتایا گیا ہے کہ دوسری واردات میں ڈاکو خاتون سے طلائی زیورات چھین کر فرار ہوگئے جبکہ تیسری واردات میں شہری موبائل فون اور نقدی سے ہاتھ دھوبیٹھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق چوتھی واردات میں ڈاکو سائیں مرچو دربار کے سامنے شہری سے لیپ ٹاپ اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ڈکیتوں کے سلسلے کو روکنے کیلئے ناکہ بندی کر دی۔