ایک نیوز نیوز: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور دہشت گرد حملوں میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
ٹوئٹر پیغام میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بتایا کہ اُن کی پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو ہوئی ہے جس میں سیلاب زدگان کی حمایت کے حوالے سے یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مسلسل مدد کی حمایت کرتے ہیں، آئندہ ماہ ایک نتیجہ خیز موسمیاتی کانفرنس کیلئے پرامید ہوں۔
امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت بھی کی۔
قبل ازیں وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے ایم ایس این بی سی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان کو سیلاب کے باعث مسائل کا سامنا رہا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات اہمیت کے حامل ہیں۔