ایک نیوز نیوز: کراچی میں اے این ایف نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اے این ایف نے خفیہ اطلاع پر شارع فیصل پر واقع نجی کوریئر آفس میں کارروائی کی، جس دوران تندور کے ذریعے سعودی عرب منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان کے بیان کے مطابق کارروائی میں جدہ بھیجے جانیوالے تندوروں سے جذب شدہ آئس برآمد کی گئی ہے، 6 تندوروں سے مجموعی طور پر 56 کلو جذب شدہ آئس برآمد ہوئی ہے جبکہ کوریئر کے ذریعے سامان بھیجنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ ملزم نے بس کے ذریعے مزید 5 تندور کراچی پہنچنے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد 2 تندور سہراب گوٹھ اور 3 تندور لیاری سے برآمد کیے گئے ہیں جب کہ 11 تندوروں سے مجموعی طور پر 88 کلو 500 گرام آئس برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم پہلے بھی راولپنڈی میں منشیات پارسل کیس میں مطلوب ہے۔