ویب ڈیسک: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنالیے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے، گرین شرٹس کی جانب سے میچ کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا۔
قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی صرف 16 رنز پر پویلین لوٹ گئے، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق کوئی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 14 گیندوں پر محض 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
عبداللہ شفیق کے بعد آنے والے قومی کپتان شان مسعود ایک بار پھر ناکام ہو گئے اور 11 گیندوں پر 6 رنز بنا کر شرف الاسلام کی گیند پر لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے جبکہ سابق کپتان بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، صائم ایوب نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
قومی بلے باز سعود شکیل 57 اور محمد رضوان 24 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔
قبل ازیں بنگلا دیش نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور میچ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔
پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل ( نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد علی شامل ہیں۔
بنگلا دیش سکواڈ نجم الحسن شانتو (کپتان)، حسن محمود، لٹن داس، مہدی حسن میراز، مومن الحق، مشفق الرحیم، ناہید رانا، نعیم حسن، شادمان اسلام، شکیب الحسن، شرف الاسلام، سید خالد احمد، تائجو الاسلام اور ذاکر حسن پر مشتمل ہے۔
قبل ازیں دونوں ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پہنچیں، ٹیموں کو ہوٹلز سے سٹیڈیم تک آمد کے دوران شاہراہ پر ٹریفک نہیں تھی جبکہ کڑی سکیورٹی فراہم کی گئی۔
ٹیموں کی موومنٹ کے دوران راولپنڈی سے آئی جے پی راولپنڈی سیکشن پر میڑو بس سروس بھی مکمل بند رکھی گئی۔