ویب ڈیسک: 10روپے سے لیکر 5ہزار روپے تک کے تمام کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دسمبر تک تمام کرنسی نئے ڈیزائن کے مطابق متعارف کرائی جائے گی، کاغذ کی کرنسی کے بجائے ایک نوٹ پلاسٹک کا بھی متعارف کرایا جائے گا، نئے ڈیزائن کی کرنسی متعارف کرانے کیلئے وفاقی کابینہ سے جلد منظوری لی جائے گی۔
کمیٹی رکن محسن عزیز نے سمگلنگ کی روک تھام کیلئے 5ہزار کا نوٹ بند کرنے کی تجویز دیدی، گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ 5ہزار کی کرنسی کا نوٹ بند نہیں کیا جائے گا اور نہ ایسی تجاویز ہیں، پلاسٹک کرنسی کی لائف کاغذ کی کرنسی سے بہتر ہوئی تو مستقل یہی استعمال ہو گی۔
جمیل احمد نے مزید بتایا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں تمام نئے فیچرز متعارف کرائے جائیں گے، پلاسٹک کرنسی کیلئے پولی مر کا پلاسٹک استعمال کیا جائے گا، مرکزی بینک ڈیجیٹل کرنسی کیلئے مختلف ممالک کے ماڈلز کی سٹڈی بھی کر رہا ہے۔