ویب دیسک:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کا افتتاح کردیا اور ساتھ ہی تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروگرام بھی لانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا مجھ سمیت سب کو شدت سے انتظار تھا، اپنی چھت اور اپنا گھر سب سے بڑی نعمت ہے، اپنی چھت، اپنا گھر کے خواب کو حقیقت میں بدلا، اس سکیم کا سب سے زیادہ انتظار نوازشریف کو تھا، چھت کی کمی کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے، میں وہ سکیم شروع کررہی ہوں جس کا مجھے اور صوبے کے عوام کو بہت انتظار تھا، اس سکیم کے بارے میں مجھ سے بہت سوال کیے جاتے تھے کہ یہ کب آرہی ہے؟ لوگ انتظار کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ جس کے پاس اپنا گھر ہوتا ہے اس کو اس نعمت کی قدر کم ہوتی ہے، اس خواہش کی شدت ان کے پوچھیں جن کے پاس اپنا گھر نہیں ہوتا، آپ کے پاس سب نعمت ہو لیکن اپنا گھر نہ ہو تو وہ کمی محسوس پوتی ہے جس کو بیان کرنا مشکل ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہ سکیم بنانے میں کامیاب ہوئے، امید ہے کہ اس سے آگے ہم جلدی جلدی گھر بناکر لوگوں کو دیں گے، نواز شریف کو اس سکیم کا سب سے زیادہ انتظار تھا، اپنے دور میں انہوں نے ہاریوں کو گھر دیئے ، وہ مجھ سے کہتے تھے کسی کو رہنے کیلئے چھت دے دو تو اس سے بڑے خدمت کوئی نہیں، اگر اس سکیم میں شہری علاقوں میں اگر عوام کے پاس ایک سے 5 مرلے کی زمین ہے اور دیہی علاقے میں ایک سے 10 مرلے کی زمین ہے تو 15 لاکھ تک حکومت پنجاب دے گی جس کو 7 سال کی آسان قسطوں میں ادا کرنا ہے، پہلے 3 ماہ ایک پیسہ بھی نہیں دینا پڑے گا پھر ہر مہینے 15 لاکھ کی قسط پر 14 ہزار روپے ماہانہ ادا کرنے ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور مجھے اس کا احساس ہے، اگلے دو ماہ مشکل ہیں اس لیے ہم بجلی کے بلوں میں ریلیف دے رہے ہیں اور پھر تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروگرام بھی لے کر آرہے ہیں، تو جن کے پاس زمین ہے اور چھت نہیں ہے وہ اس میں اپلائی کرسکتے ہیں، اس قرضے میں بالکل بھی سود شامل نہیں ہے، اس مین کوئی سروس جارج نہیں ، کوئی ٹیکس، کوئی خفیہ چارجز نہیں ہیں، میں نے بینک کو بھی اس میں اس لیے شامل نہیں کیا کیونکہ اس کے اپنے لوازمات ہوتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ اس سکیم کیلئے ایک نمبر بھی دیا ہے، لوگ آن لائن بھی اپلائی کرسکتے ہیں اور 080009100 پر کال کر کے بھی معلومات حاصل کرسکتے ہیں، ڈی سی آفس سے بھی معلومات لے سکتے ہیں۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی کہ اگر اپنا گھر نہیں ہے اور کرایہ ادا کرتے ہیں تو اس کرایے سے کم اس سکیم کی قسط رکھوں، اپنا گھر اپنی چھت کی دوسری سکیم ہے اس کو ہم شروع میں 5،6 اضلاع مین شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لوگ ساری زندگی محنت کرتے ہیں گھر بنانے کیلئے یہ سکیم اس خواہش کو مد نظر رکھ کے بنائی گئی ہیں، میرا ارادہ ہے کہ اس کو ہم پنجاب کے ہر کونے تک لے جائیں 5 سال میں، پنجاب ہر چیز میں لیڈ لے رہا ہے، لوگوں کی دوڑیں لگ گئی ہیں پنجاب کو دیکھ کے ،میں روز 16 گھنٹے کام کرتی ہوں اور اسی وجہ سے سب سکیمز کو لانچ کرنے کا وقت آگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گھر کیلئے درخواست دینے کا طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے، پنجاب کے عوام کو 45 سے 50 ارب روپے کا ریلیف دے رہے ہیں، تاریخ کی سب سے بڑی سولر سکیم بھی لے کر آرہے ہیں۔