کانرڈ ٹربل نے امریکی قونصل جنرل کا عہدہ سنبھال لیا

Aug 21, 2023 | 21:37 PM

ایک نیوز :کراچی میں امریکی قونصل خانے میں کانرڈ ٹربل نے قونصل جنرل کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

تفصیلات کےمطابق قونصل جنرل کانرڈ ٹربل نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔کراچی میں امریکی قونصل جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انھوں نے پاکستان کے عوام کیساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 76 ویں سالگرہ منائی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اقتصادی سرمایہ کاری، تجارتی تعاون اور سبز اتحاد فریم ورک کو فروغ دیں گے۔ جس کے ذریعے امریکا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ شراکت داری کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔پاکستان میں اپنی تعیناتی سے قبل وہ 2020 سے 2023 تک اسپین میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

کانرڈ ٹربل نے میڈرڈ سے قبل واشنگٹن میں مغربی یورپ اور یورپی یونین کیلئے تین سال تک نائب معاون برائے وزارت خارجہ کی حیثیت سے کام کیا، جبکہ ایک سال تک فارن سروس انسٹی ٹیوٹ میں ڈپلومیٹک ٹریڈ کرافٹ ٹریننگ اسکول کے سربراہ رہے اور امریکا کے فنڈ برائے جرمن مارشل میں ایک سال تک سینئر رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

مزیدخبریں