ایک نیوز: یوکرین کے صدر وولودی میر زیلینسکی نےامریکی ایف 16 لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے ’تاریخی‘ فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر وولودی میر زیلینسکی نے نیدرلینڈز اور ڈنمارک کی جانب سے امریکی ایف 16 لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے ’تاریخی‘ فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، جسے روس کی جانب سے اپنے لیے ’جوہری‘ خطرہ تصور جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رسا ایجنسی کےمطابق نیدرلینڈز اور ڈنمارک نے یوکرین کو امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم ان کی تعداد کا تعین نہیں کیا گیا۔وولودی میر زیلنسکی، روسی افواج کے خلاف جوابی کارروائیوں میں مصروف سوویت دور کی یوکرینی فضائیہ کو مضبوط بنانے کے لیے کئی ماہ سے جدید ترین طیاروں کی تلاش میں تھے، امریکا نے ایف 16 طیاروں کی منتقلی کی منظوری کا اعلان کیا تھا۔ یوکرین کے پائلٹوں کی تربیت رواں ماہ شروع ہوگی، جس کے بعد یوکرین 2024 کے شروع میں لڑاکا طیاروں کی تعیناتی شروع کر سکتا ہے۔
President Zelensky gets a first-hand look - pictured sitting in the cockpit of an #F16 fighter jet during his trip.#F16ForUkraine pic.twitter.com/32FatB3ON2
— International Defence Analysis (@Defence_IDA) August 21, 2023
نیدرلینڈز کے دارالحکومت ہالینڈ میں وزیراعظم مارک روٹے کے ہمراہ آئنڈہوون ایئر فورس بیس کے دورے کے دوران یوکرینی صدر نے کہا کہ یہ فیصلہ ’ہمارے لیے تاریخی، طاقتور اور متاثر کن‘ ہے۔مارک روٹے نے کہا کہ یوکرین کو فراہم کیے جانے والے ایف 16 طیاروں کی تعداد کا تعین نہیں کیا گیا لیکن وولودی میر زیلنسکی نے بعد میں ایک بیان میں کہا کہ ’ہمارے جنگجوؤں کو 42 لڑاکا طیارے ملیں گے۔‘
اس کے بعد یوکرینی صدر وولودی میر زیلنسکی ڈنمارک کے سکریڈ سٹرپ ایئر فورس بیس پر گئے جہاں خاتون وزیراعظم میٹ فریڈرکسن نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا ’ہمیں معلوم ہے کہ آپ کو مزید ضرورت ہے اور اسی وجہ سے آج ہم یوکرین کو 19 ایف 16 لڑاکا طیارے عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔‘انہوں نے مزید کہا کہ چھ طیارے اس سال کے آخر تک، آٹھ اگلے سال اور پانچ 2025 تک فراہم کیے جائیں گے۔