ایک نیوز: سابق پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی صاحبزادی اور سینئر وکیل ایمان مزاری کو آج انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں ان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایمان مزاری کو آج جب عدالت پیشی کیلئے لایا گیا تو شیریں مزاری بھی عدالت پہنچ گئیں۔ جہاں ماں بیٹی کی جذباتی ملاقات ہوئی اور شیریں مزاری اپنی بیٹی کی حالت دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں۔
اس حوالے سے ایک ویڈؑیو وائرل ہورہی ہے۔ جس میں شیریں مزاری کو انتہائی جذباتی اور آبدیدہ ہوکر پولیس والوں کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ میری بیٹی کو اگر مارنا ہی ہے تو ویسے ہی زہر دیدو۔
ویڈیو میں ایمان مزاری کو جب پولیس موبائل میں بٹھایا جاتا ہے تو شیریں مزاری پولیس موبائل کے پردے کھولنے کا بھی کہتے سنی جاسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی جب ایمان مزاری کو عدالت میں پیش کیا گیا تو ان کی والدہ شیریں مزاری وہاں موجود تھیں۔