ایک نیوز:نگراں حکومت پنجاب نےدوران ملازمت انتقال کرنے پر اہل خانہ کو خصوصی پیکج دینے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نگراں وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا ساتواں اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیاکہ دوران ملازمت انتقال کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ کو خصوصی پیکج دیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران نگراں وزیر اعلٰی نے ہدایت کی کہ وفات پانے والے ملازمین کے اہل خانہ کو خصوصی پیکج کے تحت دی جانے والی امدادی رقم 10 دن کے اندر ادا کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، منصور قادر، عامر میر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے جہاں مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں فیصل آباد کے علاقے نشاط آباد اوورہیڈ برج سے گٹ والا روڈ کی تعمیر و مرمت اور کشادہ کرنے کی منظوری دی گئی۔ لاہور اور فیصل آباد کی واٹر سینی ٹیشن ایجنسی میں بہتری کے لیے فرانسیسی ایجنسی فار ڈویلپمنٹ سے معاونت لی جائے گی۔ مری میں سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے جدید مشینری خریدنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
لاہور کے تاریخی دروازوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کے پروگرام کی منظوری کے ساتھ ساتھ لاہور چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کے لیے فنڈزکی منظوری دے دی گئی۔بابا فریدالدین گنج شکرؒ کے مزار کی تزئین وآرائش کے لیے فنڈز کے اجراء اورپراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ پرائم منسٹر نیشنل پروگرام کے تحت پنجاب میں زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کی اصولی منظوری اور فلڈ پروٹیکشن سیکٹر پراجیکٹ تھری کوسالانہ ترقیاتی پروگرا م 2023-24 میں شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت چکوال اوردیگر مقامات پر سمال ڈیمز کے لیے فنڈزکے ازسرنو اجراء کی منظوری بھی دے دی گئی۔