کرپشن کیس،پرویز الہی کا 29 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور

کرپشن کیس،پرویز الہی کا 29 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور

ایک نیوز: احتساب عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی  کاجسمانی ریمانڈ  میں 29 اگست تک منظور کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  لاہور نیب لاہور کی ٹیم نے چوہدری پرویز الہی کو عدالت پیش کیا ،  ترقیاتی منصوبوں میں کک بیکس لینے کا الزام  میں نیب لاہور نے پرویز الہی سے تحقیقات کے لیے 29 اگست تک جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی سماعت کر رہے ہیں۔

 پرویز الٰہی  کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ پرویز الٰہی کی بات بار گرفتاری کا معاملہ لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ۔سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کو حکم دیا کہ 21 اگست تک کیس سن کر فیصلہ کریں ۔لاہور ہائیکورٹ میں ابھی تک کیس سنا نہیں گیا آج سماعت ہونی ہے ۔

امجد پرویز نے کہا کہ عدالت مناسب وقت کے لیے اگر پرویز الٰہی کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔جج زبیر شہزاد کیانی نے استفسار کیا کہ آپ بتا دیں کتنے دن کے لیے ایگری ہیں جس پر امجد پرویز نے کہا کہ پیر تک اگر ریمانڈ دے دیا جائے تو کوئی اعتراض نہیں ہے۔

سماعت کے دوران پرویز الہی روسٹرم پر آگئے، پرویز الہی نے کہا کہ اس وقت مجھے سیدھا کھڑا ہونے میں پرابلم ہے۔میرے گھٹنے سوجے ہوئے ہیں میری طبعیت ٹھیک نہیں ہے ۔ پرویز الہی نے کہا کہ میری گزارش ہے میرے ذاتی ڈاکٹرز کو معائنے کی اجازت دی جائے۔

 نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ پرویز الہی پر غیر قانونی طور پر ٹھیکے دینے کا الزام ہے، پرویز الہی پر ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ نیب کا مزید کہنا ہےکہ پرویز الٰہی نے بطور وزیر اعلی خاص مقاصد کے لیے شریک ملزمان سے ملکر گجرات کے لیے 116 سکیمیں منظور کرائیں۔

نیب نے پرویز الٰہی کا مزید چودہ دن کا جسمانی ریمانڈ مانگ لیا جس پر احتساب عدالت لاہور نے پرویزالٰہی کا 29 اگست تک مزید جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

احتساب عدالت میں پرویز الٰہی نےصحافیوں سے غیر رسمی گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ میں اور پی ٹی آئی فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،فوج کی اس ملک کے لیے بڑی قربانیاں ہیں ۔ میں دل کہ گہرائیوں سے عدلیہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،میں میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔میڈیا قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔تحریک انصاف اور چیرمین پی ٹی آئی بھی ساری عدلیہ اور افواج کو سلام پیش کرتے ہیں ،اسلمبیوں کی عدم موجودگی میں ظلم میڈیا دکھا رہا ہے ۔

پرویز الہی  نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا نام سائفر میں ڈالنا انتہائی افسوس کی بات ہے ،میرا پیغام ہے پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہیں ۔ الیکشن وقت پر نہیں ہو رہا اس بارے عدلیہ میں جائیں گے ۔ پرویز الہی نے کہا کہ  چرچل نے اپنی ٹیم سے جنگ میں پوچھا کہ ملک کی عدالتیں انصاف کر رہی ہیں تو بتایا گیا کہ انصاف کر رہی ہیں چرچل نے کہا ہم جنگ نہیں ہاریں گے ۔