پاکستان کی کشمالہ طلعت نےورلڈ شوٹنگ چیمپئن شپ میں ریکارڈبناڈالا

Aug 21, 2023 | 06:22 AM

ایک نیوز:آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری ورلڈ شوٹنگ چیمپئن شپ میں خواتین کی25 میٹر پسٹل کیٹیگری میں پاکستان کی کشمالہ نے نیا قومی ریکارڈ بنادیا تاہم وہ ایک پوائنٹ کی کمی کی وجہ سے فائنل اور ممکنہ طور پر اولمپک کوالیفیکشن سے محروم رہ گئیں۔
تفصیلات کےمطابق دو روز جاری رہنے والے25 میٹر ائرپسٹل کے مقابلوں میں کشمالہ نے پہلے روز290 اور دوسرے روز مزید293 پوائنٹس حاصل کرکے مجموعی طور پر583 پوائنٹس بنائے اور نیا قومی ریکارڈ بنادیا۔
اس سے قبل کشمالہ ہی نے اس سال ہونے والے نیشنل گیمز میں582 پوائنٹس بنائے تھے۔
کشمالہ ایک پوائنٹ کی کمی کی وجہ سے فائنل راؤنڈ تک نہ آسکیں اور نویں نمبر پر رہیں۔ کشمالہ اور بھارت کی ردھم شنگھوان کے درمیان مقابلہ 583 پوائنٹس پر برابر تھا لیکن بھارتی شوٹر کے سینٹر آف ٹارگٹ 23 شاٹس تھے اور کشمالہ کے سینٹر شاٹس19 تھے جس کی بنیاد پر بھارتی کھلاڑی آٹھویں پوزیشن پر آئیں۔
اگر کشمالہ ایک اور پوائنٹ حاصل کرلیتیں تو وہ براہ راست ٹاپ8 میں آجاتیں لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔
بھارتی شوٹر پہلے روز284 پوائنٹس کے ساتھ69 ویں پوزیشن پر تھیں لیکن دوسرے روز انہوں نے299 پوائنٹس حاصل کرکے ٹاپ8 میں جگہ بنالی۔
فائنل میں آنے کی صورت میں کشمالہ اگر چھٹی پوزیشن پر آجاتیں تو ان کو پیرس اولمپکس کا ٹکٹ مل جاتا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ کشمالہ اب کوریا میں اولمپک کوالیفائرز میں پیرس اولمپکس کیلئے جگہ بنانے کی کوشش کریں گی۔

مزیدخبریں