ایک نیوز :ملک بھر میں میٹرک اور انٹر کی سطح پر نئے “10 پوائنٹ گریڈنگ سسٹم” کا اطلاق روک دیا گیا ہے.
تفصیلات کے مطابق اس نئے گریڈنگ سسٹم پر عمل درآمد ایک سال کے لیے موخر کردیا گیا ہے اس سلسلے میں آئی بی سی سی (انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین) کی جانب سے باقاعدہ ایک نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
جس میں کہا گیا کہ بعض صوبوں کی جانب سے کچھ تکنیکی معاملات سامنے لانے کے بعد اب نئے گریڈنگ سسٹم کا اطلاق 2023 کے بجائے آئندہ برس 2024 سے ہوگا۔
اس التوا اور نوٹیفیکیشن کے نتیجے میں سندھ سمیت ملک بھر کے تعلیمی بورڈز اس سال میٹرک اور انٹر کی سطح پر نتائج کی تیاری رائج پرانے نظام کے تحت ہی کریں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزاد جموں کشمیر کے تعلیمی بورڈز میں اس سال 2023 میں نئے گریڈنگ سسٹم کا اطلاق نویں اور گیارہویں جماعتوں میں تمام فیکلٹیز کے نتائج سے کیا جانا تھا اور فیصلے کے تحت نئے 10 پوائنٹ گریڈنگ سسٹم پر مرحلہ وار عملدرآمد تین برس میں سال 2025 میں مکمل ہوجانا تھا تاہم ایک سال کے التواء کے سبب اب اس نئے نظام کا مکمل اطلاق سال 2026 تک ہوپائے گا۔
یاد رہے کہ اس وقت پاکستان میں رائج گریڈنگ سسٹم seven points alphabetical grading system کہلاتا ہے جس میں پاسنگ مارکس 33 فیصد مقرر ہیں اور طالب علم کے حاصل کردہ مارکس واضح ہوتے ہیں تاہم نئے گریڈنگ سسٹم میں میٹرک اور انٹر کی سطح پر پاسنگ مارکس بڑھا کر 40 فیصد ہوجانے تھے جبکہ طالب علم کے حاصل کردہ مارکس بتدریج GPA اور CGPA کے طور پر سامنے آنے تھے۔