ایک نیوز نیوز: فیس بک کمپنی نے حال ہی میں ہورائزن ورلڈز نامی گیم کو میٹاورس پلیٹ فارم کے ذریعہ مزید 2 ممالک میں متعارف کروایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہورائزن ورلڈز کو میٹاورس پلیٹ فارم کے ذریعہ برطانیہ، امریکا اور کینیڈا کے بعد فرانس اور اسپین میں متعارف کروایا ہے۔ گیم کو متعارف کرانے کا اعلان مارک زکربرگ نے اپنی ایک ڈیجیٹل اواتار کی سیلفی پوسٹ کرتے ہوئے کیا تھا۔
یہ سیلفی سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوئی اور فیس بک کے نئے پلیٹ فارم کی بجائے بہت سے افراد کمپنی کے سی ای او مارک زکربرگ کی میٹاورس سیلفی پر بات کرتے رہے۔ اس سیلفی میں مارک زکربرگ کا ڈیجیٹل اواتار پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے کھڑا ہے۔
بہت سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس تصویر کا مذاق اڑایا گیا۔ صارفین نے مذاق بناتے ہوئے کہا کہ ایک کمپنی جس نے میٹا ورس کے لیے اپنا نام بدل کر فیس بکس سے میٹا رکھ دیا یہ تصویر مذاق لگتی ہے۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ مارک زکربرگ کی سیلفی مستقبل کے میٹاورس کی تشکیل میں میٹا کی ناکامی کی علامت ہے۔ اس ڈیزائن کا موازنہ 1990 کے گرافکس سے کرتے ہوئے کہا کہ سیلفی میں مارک زکربرگ کا انداز بچگانہ ہے۔
مارک زکربرگ نے اس تنقید اور میمز کے بعد نئے اپ ڈیٹس جس میں نئے اواتار گرافکس کو جلد متعارف کرانے کا اعلان کیا گیاہے۔
فیس بک اور انسٹاگرام پر مارک زکربرگ نے اس کے بعد ایک اور ڈیجیٹل اواتار کی سیلفی پوسٹ کی۔
جس میں انہوں نے لکھا کہ میں جانتا ہوں کہ حال ہی میں جو تصویر میں نے پوسٹ کی وہ بہت سادہ تھی لیکن وہ ایک لانچ کے لیے جلد بازی میں لی گئی تھی۔
زکربرگ نے مزید کہا کہ ہورائزن ورلڈ کے گرافکس بہت کچھ کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں اور ان کو بہت تیزی سے بہتر کیا جائے گا۔
واضع رہے کہ ہورائزن ورلڈ گیم ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹس پر کھیلی جاسکتی ہے جو اس وقت 5 ممالک میں دستیاب ہے۔ گزشتہ سال کمپنی نے اس مقصد کے لیے 10 ارب ڈالرز خرچ کیے۔