ایک نیوز:دفترخارجہ کی جانب سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیاگیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 22 سے 24 اپریل تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے ۔عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کا وفد ہو گا ۔ایرانی وفد میں وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر ارکان ، اعلیٰ حکام کے علاوہ ایک بڑا تجارتی وفد بھی شامل ہوگا ۔دورے کے دوران صدر رئیسی صدر اور وزیراعظم پاکستان سے اہم ملاقاتیں کریں گے ۔
ترجمان کے مطابق ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے ۔ایرانی صدر لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کریں گے اور صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جاے گا ۔دو طرفہ ملاقاتوں میں تجارت، رابطے، توانائی، زراعت سے متعلقہ امور پر بات چیت کی جائےگی۔عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا وسیع ایجنڈا شامل ہیں۔
دفترخارجہ کے مطابق علاقائی اور عالمی پیش رفت اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت ہو گی ۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخ، ثقافت اور مذہب میں جڑے مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔ایرانی صدر کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے ۔